افغان مہاجرین عزت سے نہ گئے تو انہیں دھکے دے کر نکال دیں گے، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اب بہت ہوچکا افغان مہاجرین کو واپس جانا ہوگا اور اگر وہ عزت سے نا گئے تو بلوچستان میں بسنے والے افراد انہیں خود ہی دھکے دے کر باہر نکال دیں گے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس سی کا بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے ساتھ پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑہے، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہم جس سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن این ڈی ایس سی کی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہمارے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈز کا اجرا ہمارا بڑا مسئلہ ہے، جن مہاجرین کو کیمپس میں رہنا تھا وہ اب نادرا کی مہربانیوں کی وجہ سے ہمارے محلوں تک پہنچ چکے ہیں، افغان مہاجرین کی وجہ سے ملک میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے لیکن اب بہت ہوچکا انہیں واپس جانا ہوگا، اگر وہ عزت سے نا گئے تو بلوچستان میں بسنے والے تمام افراد انہیں خود ہی دھکے دے کر باہر نکال دیں گے۔

پنھنجي راءِ لکو