لندن(آن لائن نیوزاردو پاور) برطانیہ کے لوکل کونسل الیکشن میں صرف 3 فٹ 7 انچ کے ایک شخص کو بھی کونسلر منتخب کرلیا گیا ہے جو برطانوی تاریخ میں کونسلر بننے والا سب سے چھوٹے قد کا کونسلر بھی ہے۔
اسٹیج پر مزاحیہ اداکاری کرنے اور چٹکلے سنانے والے پست قامت جیمس لسٹڈ کا تعلق ٹوری پارٹی سے ہے اور وہ نارتھ ویلز کے قصبے راس آن سی کے رہائشی ہیں جبکہ انہوں نے لوکل کونسلر کےلیے یہیں سے انتخاب لڑ کر کامیابی حاصل کی ہے۔
کونسلر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیمس لسٹڈ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے علاقے میں بزرگوں اور نوجوانوں سے رابطے میں رہیں گے اور سب کےلیے یکساں طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ کم عمر اور چھوٹے قد والا کوئی شخص بھی معاشرے میں توانائی اور مثبت تبدیلی کو جنم دے سکتا ہے جبکہ کونسلر کی حیثیت سے وہ معذور افراد کے حقوق پر بطورِ خاص کام کریں گے۔
29 سالہ جیمس لسٹڈ گزشتہ سال اس وقت خبروں کی زینت بنے جب وہ اپنی شادی کے موقعے پر چھوٹی سیڑھی لے کر چرچ جاپہنچے تاکہ ان کا قد اپنی دلہن (کلوئی) کے برابر ہوجائے جس کا قد 5 فٹ 7 انچ ہے۔
قبل ازیں لسٹڈ نے سیاست میں اس وقت قدم رکھا جب انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں چھوٹے قد والے (بونے) اداکاروں کےلیے آواز اٹھائی تھی اور کہا تھا کہ بونوں کے کردار ادا کرنے کےلیے چھوٹے بچوں کو بھرتی کرنا بند کیا جائے کیونکہ اس سے بونے اداکاروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔ ان کی تحریک نارتھ ویلز میں کامیاب ہوئی جس کے نتیجے میں تھیٹر مالکان نے بونے اداکاروں کو ایک بار پھر کام دینا شروع کردیا۔