فلسطین کے صدرمحمود عباس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ بند کرائے اور سلامتی کونسل نہتے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں نے قابض صیہونی حکومت کے خلاف غزہ کی سرحد پر احتجاج کیا جس کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ کردی۔ اندھی گولیوں اور شیلنگ کی زد میں آکر پانچ معصوم فسلطینی جام شہادت نوش کر گئے جب کہ سات سو زائد لوگ زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مردوں سمیت خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے ۔ زخمیوں میں 12 فلسطینی خواتین، 48 بچے اور 2 صحافی بھی شامل ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک 29 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ مظاہرین نے آزادی کے لیے غزہ کی سرحد پر اسرائیل مخالف نعرے لگائے اور ٹائر جلا کر آزاد فلسطین کی ریاست کا مطالبہ کرتے رہے۔
