ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے موجودہ دورمیں بھارتی مظالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
8 جولائی کو برہان وانی کی شہادت کو دو سال مکمل ہوگئے اور ان 2 سال میں بھارت نے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے اور سیکڑوں کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم اور ہزاروں افراد شدید زخمی کئے گئے، گزشتہ ہفتے بھی متعدد کشمیری شہید ہوئے، آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی صوفیہ کو تہاڑ جیل منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔
1947 سے کشمیریوں نے جرات کے ساتھ بھارتی مظالم کا مقابلہ کیا جو تاحال جاری ہے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کی، کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، اور اس پالیسی میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ ہرفورم پر لڑتا رہے گا، عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ بھارتی مظالم کو نوٹس لے اور کشمیریوں کے ان کے حقوق ان کی امنگوں کے مطابق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
